لاہور.دکان میں دھماکے سے3 افراد جاں بحق۔25 زخمی

لاہور:نیوانارکلی  بازارمیں دکان میں  زور داردھماکے سے تین افراد جاں بحق اور25 زخمی ہو گئے اورکئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔

ریسکیوحکام کے مطابق دھماکےکے25 زخمیوں کو فوری طورپرمیواسپتال منتقل کردیا گیا جن میں  سے سات کی حالت تشویشناک ہے،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

ریسکیوحکام کے مطابق دھماکا پرائز بانڈزکی دکان میں ہوا،قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکے سے 4 موٹر سائیکلوں کو آگ لگ گئی،عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں فوراً جائے حادثہ پر پہنچیں جب کہ سینئر پولیس افسران اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر موجودہیں۔

سی سی پی او فیاض احمد دیو نے پولیس کو موقع پر ریسکیو کارروائیوں میں مدد دینے کی ہدایت کی ہے جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیاہے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ پان منڈی کے قریب ہونیوالا دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، فارنزک ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ تعین کیا جارہاہے کہ دھماکے میں کتنا بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ پلانٹڈ مواد سے دھماکہ کیا گیاجس کے نتیجے میں گڑھا پڑگیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔