کراچی کے بعد اسلام آباد کو بھی کرونا نے دبوچ لیا

مہلک کورونا وائرس نے کراچی کے بعد اسلام آباد کو بھی دبوچ لیا، دو سال میں پہلی بارایک روزکے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 359 کیسز رپورٹ ہوئے  جو کہ گزشتہ دو سال میں ایک روز کے سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والے کیسز ہیں ۔  گزشتہ 24 گھنٹےمیں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 18.91 رہی۔

ادھر ضلع کچہری اسلام آباد کے 15 ججز جبکہ 50 سے زائد عدالتی اہلکار مہلک کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جس کے باعث متاثرہ ججز کی عدالتیں  آج بند کر دی گئیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق  ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں  10 ججزاور29 اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ ایسٹ کورٹس میں پانچ ججزاور29 اہلکار کورونا کا شکار ہوئے ہیں ۔ متاثرہ متاثر عدالتوں میں سپرے کرایا جائے گا ۔

خیال رہے اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد کے قریب جا پہنچی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے ایک ہزار 359کیسز رپورٹ  ہوئے ہیں ۔

 کراچی میں مثبت کیسزکی شرح 46.58 فیصد ہوگئی

کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 46.58 فیصد ہو گئی ہے ۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 6 ہزار 760 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے  تین ہزار  149  افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا کی مثبت شرح 17.27 فیصد ہے ،حیدرآباد میں 242 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔