لاہور:اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ فرد جرم ہے ، کرپٹ حکمران مستعفی ہوں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ حکومت چور ہے، ان کی رپورٹ فرد جرم ہے، وطن عزیزان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہوسکتا، کرپٹ حکمران فوری مستعفی ہوں ۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے ، دنیا کہہ رہی ہے وزیراعظم چور ہے ،عالمی سطح پر وطن کی بدنامی ہو رہی ہے ۔ ہماری گڈ گورننس ، شفافیت اورقانونی اصلاحات سے ملک کی کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتری ہوئی تھی ۔ موجودہ کرپٹ ٹولے نے ہماری محنت ضائع کردی ۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ جب آٹا ، چینی ، گیس ، بجلی کھاد ، ادویات ، ایل این جی اور کورونا سمیت ہر شعبے میں لوٹ مار ہو گئی کرپشن انڈیکس میں پاکستان کا نمبر124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا۔ ماضی میں کرپشن کرپشن کا واویلا کرنےوالوں کی چوریاں ہر روز پکڑی جا رہی ہیں ۔