شہبازگل نے شریف خاندان کی لکھی رپورٹ قرار دیدیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہبازگل نے ٹوئٹرپرتبصرہ کرتے ہوئے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ساکھ پر تنقید کی اورکہا کہ ’اس رپورٹ کو آپ شریف خاندان کی لکھی رپورٹ سمجھیں۔‘

شہباز گل نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پاکستانی چیپٹر کے سربراہ عادل گیلانی کے خلاف ماضی میں کی گئی مختلف تحقیقات کا حوالہ دیتے لکھا کہ ’یہ پڑی ہیں خبریں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو بنانے والوں کی۔‘

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی رپورٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس پر واویلا کرنا بلاجواز ہے۔

انھوں نے لکھا: ’اپوزیشن کا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر واویلا، بلاجواز ہے۔ آٹھ میں سے سات رپورٹس میں کوئی فرق نہیں صرف ایک رپورٹ کے باعث CPI کی ٹوٹل رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔ اس رپورٹ میں حکومتی سطح پرکسی قسم کی مالی کرپشن کا ذکر نہیں۔‘

 وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کو پورا پڑھنے کے بعد مٹھائی کے ٹوکرے واپس کرنے پڑیں گے کیونکہ آٹھ میں سے سات ذرائع نے سابقہ ریٹنگ تقریباً برقرار رکھی ہے۔