لاڑکانہ:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر بنی گالہ کا گھر ریگولرائز ہوسکتا ہے تو غریب کا گھر کیوں نہیں ؟ ہم عوامی طاقت سے حکمرانوں سے جان چھڑوائیں گے ۔
لاڑکانہ میں کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم منتخب ہو کراپنے گھرکو ریگولرائز کرا لیا جبکہ ہمیں اورنگی ٹاؤن کو ریگولرائز کرانے میں مشکلات پیش آئیں، گجر نالہ کو ریگولرائز کرانے میں دقتیں ہیں،اس ظالم حکومت نے غریبوں سے چھت چھین لی ۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آپ کس طرح کا پاکستان چاہتے ہیں ؟، پوری کوشش کریں گے کہ غریب کو اس کا حق ملے ، نسلہ ٹاورگرا کر ظلم کیا گیا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے اور غریب عوام کو حق دیں گے تو امید ہے کسی جانب سے اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاور گرا کر ظلم کیا گیا جبکہ گجرنالہ کو ریگولرائز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن بنی گالہ آسانی سے ریگولرائز ہو گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فیصلہ کر لیا ہے کہ اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو بے نقاب کریں گے جبکہ بلدیاتی قانون کو کالا کہنے والوں کا منہ کالا ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جیالے میئرز لائیں گے اور میں خود ان کے ساتھ کام کروں گا۔ ہم نے پاکستان کی معیشت کو بچانا ہے اور عمران خان کو بھگانا ہے۔ ہم جمہوری، قانونی اور آئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے۔ حکومت کے خلاف 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے۔