حیسکول پٹرولیم لمیٹڈ کے بانی ممتاز حسن کو جیل بھیج دیا گیا

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے 54 ارب روپے سے زائد ڈیفالٹ،فراڈ اور منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمہ میں گرفتار ملزم ممتاز حسن کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے کیس کا چالان بھی طلب کرلیا۔منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں 54 ارب روپے سے زائد ڈیفالٹ، فراڈ اور منی لانڈرنگ کرنے سے متعلق مقدمہ میں ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزم ممتاز حسن کو،جو حیسکول پٹرولیم لمیٹڈ کے بانی ہیں،پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق کیس میں نامزد دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرنا ہے۔ حیسکول پٹرولیم کمپنی اور نیشنل بینک سے متعلق ملزمان پر 54 ارب روپے سے زائد بینک ڈیفالٹ، مالیاتی فراڈ اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔نیشنل بینک اور حیسکول کے سابق اور موجودہ افسران سمیت 30 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ملزمان نے ملی بھگت کے ذریعے قومی مالیاتی ادارے سے اربوں روپے کا قرضہ حاصل کیا۔ اس رقم کو مالیاتی فراڈ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پرتفتیشی افسر سے کیس کا چالان طلب کرلیا۔کیس کی مزید سماعت 5 فروری تک ملتوی کردی گئی۔