تہران:ایران میں فرانس سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کو جاسوسی کے الزام میں 8 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ فرانسیسی سیاح بینجمن بیریئرے کو مئی 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا، اس سے قبل انہوں نے ایران اور ترکمانستان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈرون اڑایا تھا۔فرانس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سیاح کی سزا ناقابل قبول ہے اور درحقیقت اس کی کوئی بنیاد نہیں بنتی۔
بینجمن بیریئرے کے وکیل فلپ ویلینٹ کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل بھوک ہڑتال کی وجہ سے مسلسل کمزور ہوتے جارہے ہیں، جو دسمبر میں شروع کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں غیرجانب دار جج کے سامنے شفاف ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بینجمن بیریئرے کو مشہد میں بند کمروں میں انقلابی عدالتوں میں پیش کیا گیا اور انہیں سزا کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔وکیل نے بتایا کہ انہیں ایران کے اسلامی نظام کے خلاف پراپیگنڈا کرنے کے الزام میں 8 ماہ کی اضافی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سزا مکمل طور پر سیاسی عمل کا نتیجہ ہے اور سزا کی کوئی بنیاد نہیں۔