لاہور:مسلم لیگ ن نے ایک مرتبہ پھر فارن فنڈنگ کیس کا تمام ریکارڈ منظرعام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں شوکت خانم کے ڈونرزکو تحریک انصاف کے ڈونر ظاہرکرنےکا انکشاف ہوا ہے جو خوفناک بات ہے،عمران صاحب نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کر کے جرم کا ارتکاب کیا ۔
مریم اورنگزیب کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن مجرمانہ انکشاف کے بعد فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ بنیاد پر سماعت اورلائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے ،8 والیمز اس لیے چھپائے جا رہے ہیں کہ ان میں خیرات کے پیسے کو سیاسی فنڈز میں تبدیل کرنے کے ثبوت ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کی منی لانڈرنگ ، غیر قانونی سرمایہ کی تفصیل اور کرپشن کو خفیہ رکھا جا رہا ہے،الیکشن کمیشن کے حکم ہیں کہ سٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو منظرعام پر لایا جائے ۔