کراچی:پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیون کے پہلے میچ میں ملتان سلطانزنے کراچی کنگزکو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔
ملتان سلطانز کی ٹیم نے 125 رنز کا ہدف19 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پوراکرلیا۔ کپتان محمد رضوان52 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ محمد رضوان اورشان مسعود نے آسان ہدف کے تعاقب میں اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم شان مسعود 18 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ کے لیے صہیب مقصود اور محمد رضوان نے اچھی پارٹنر شپ قائم کی،صہیب مقصود 31 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رائلی روسو کا جادو نہ چل سکا اور وہ صر ف دو رنز بناسکے۔ٹم ڈیوڈ 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،انہوں نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
قبل ازیں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے۔کراچی کنگز کو پہلے میچ میں اچھا آغاز ملا،تاہم بعدمیں آنے والے بلے باز جم کر بیٹنگ نہ کرسکے اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان سب سے نمایاں بلے باز رہے،انہوں نے 31 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں جوئے کلارک26 اور بابر اعظم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین جبکہ خوشدل شاہ اور شاہ نواز دھانی نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔