پشاور: نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے مقامی چرچ کے پادری کو قتل کردیا جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ گلبہارکی حدود رنگ روڈ نزد مدینہ مارکیٹ میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے شخص پردو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے چرچ کا پادری ولیم سراج ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ولیم سراج علاقہ تھانہ چمکنی کی حدود میں واقع چرچ میں پادری تھے جو کسی کام سے گاڑی میں جارہے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورآس پاس کے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بعدازاں لاش اور زخمی کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ ایک شخص کو مردہ حالت میں لایا گیا ہے جب کہ دوسرا زخمی ہے، ایک شخص ولیم سراج چل بسا جب کہ دوسرا شخص پیٹرک معمولی زخمی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے، ہلاک پادری کی ڈیڈ باڈی ورثاء کے حوالے کی جاچکی ہے جبکہ زخمی کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
تفتیشی ٹیم نے جائے وقوع سے اہم شواہد جمع کیے بعد ازاں نزدیکی مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا۔ واقعہ کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔