اسلام آباد:سینٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے اچانک اپوزیشن لیڈر کی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کوپہلے ہی استعفیٰ جمع کراچکا ہوں، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہناچاہتا۔
سینیٹ اجلاس میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایجنڈےمیں نہیں لکھا گیا کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پیش کیاجائےگا،معاملے پراعتماد میں بھی نہیں لیاگیا، ترمیمی بل کمیٹی کوبھی نہیں بھجوایاگیا، کمیٹیاں پارلیمانی روایات کیلیےبنائی گئی ہیں، آدھی رات کوایجنڈاجاری کرنامناسب نہیں تھا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسپیکر، چیئرمین سینیٹ کا رول نیوٹرل ہونا چاہیے، انہیں کسی صورت متنازع نہیں ہونا چاہیے، آپ نے 30 منٹ تک اجلاس موخر کیا، آپ حکومت کے سہولت کار بنے، دوبارہ گنتی کے دوران تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینا پڑا، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین اور aسپیکر ہاؤس کی نمائندگی کرتے ہیں نہ کہ حکومت کی ، میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر نہیں رہنا چاہتا ۔