ضلع بدر نہ کیا جائے، آئندہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کروں گا۔علی امین گنڈا پور

اسلام آباد:وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پورنے الیکشن کمیشن میں درخواست کی کہ انہیں ضلع بدر نہ کیا جائے ، وہ لکھ کر دیتے ہیں کہ آئندہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوں گے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن میں وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پورکے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی ،علی امین گنڈا پوراوران کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ علی امین کے وکیل نے کہا کہ انکوائری باضابطہ  طورپرنہیں کی گئی ، تحقیقات ہوئی ہیں اور نہ ہی شکایت  موجود ہے ۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کا مطلب کیا ہے کہ آپ کے موکل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ؟۔ وکیل علی امین نے کہا کہ سیاسی کارکن عوام کی خوشی غمی میں شرکت کرتے ہیں  جہاں عوام ان کو اپنے مسائل بتاتے ہیں ۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیاسی کارکن سے جب آپ وفاقی وزیر بنتے ہیں تو آپ کی ذمہ داری بڑھتی ہے ، ضابطہ اخلاق صرف الیکشن کمیشن نے نہیں بنایا بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے طے پاتا ہے ۔

علی امین کے وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کارروائی ختم کرے ، ہم یقین دہانی کراتے ہیں کہ آئندہ خلاف ورزی نہیں ہوگی ۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں علی امین گنڈا پور  سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے ۔