ٹانک میں آپریشن کے دوران خود کش حملہ آور ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے دیال روڈ ٹانک میں آپریشن کیا جہاں دوران آپریشن خود کش حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکیا جہاں ایک خود کش حملہ آورمارا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردکےساتھیوں کی تلاش کیلیےکلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد اللہ نورکو گرفتارکرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں گاؤں سرواکئی میں خفیہ اطلاعات پرآپریشن کیا گیا جس میں کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد اللہ نور پکڑا گیا۔دہشت گرد اللہ نور برقع پہن کر فرارکی کوشش کر رہا تھا تاہم پکڑا گیا۔ آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، مارٹرز اور مواصلاتی آلات قبضے میں لیے گئے۔