اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے یوم یکجہتی کشمیر پر مزید انتشارکی باتیں کیں، اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن اپنی موت مرنے جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال لیں گے، لیکن گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمن کو مکھی کی طرح نکال دیا، مولانا کوشش کرلیں نہ اپوزیشن استعفے دے گی اورنہ ہی لانگ مارچ کامیاب ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور 72 گھنٹوں میں 20 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ آپریشن میں قربانیاں دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ریاست کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا عمران خان کے دورہ چین پر چیخ رہا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ بیرون ممالک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کرنے والے فیٹف کے اصل مجرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول کو میں نے کبھی سلیکٹڈ نہیں کہا، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والے مفادات پر یکجا ہو رہے ہیں، اپوزیشن کی دلچسپی لانگ مارچ میں نہیں بلکہ میڈیامیں زندہ رہنا ہے۔ پہلے یہ استعفی دے رہے تھے اب لانگ مارچ کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے ہمار ا تعلق جان اوردل سے عزیز ہے، کل سعودی عرب کے وزیر داخلہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، سعودیہ میں ہمارے قیدیوں کی بازیابی کے حوالے سے بات کریں گے، ہم مختلف ملکوں کے ساتھ رابطے میں، جہاں ہمارے قیدی ہیں ان کو واپس لائیں گے، قطر، بحرین، کویت سے بھی رابطے میں ہیں۔
واضع رہے گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح اور آصف زرداری کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔ یہ تمام گندے انڈے ایک ساتھ اسلام آباد آئیں یا ایک ایک کر کے ڈی چوک یا ای چوک آئیں، سب کو ٹھوکر مارکرگرا دیں گے۔