اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کل پوری قوم نے دیکھا یوم یکجہتی کشمیر پرچورایک بار پھراکٹھے ہوگئے، اپوزیشن نے 5فروری کو یوم یکجہتی چوراں منایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کو اونٹ اورگھوڑے فراہم کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب! لانگ میں جتنے الفاظ ہیں، آپ کے پاس اتنے لوگ بھی نہیں، یوم یکجہتی کشمیر پر کرمنلز نے آپس میں یکجہتی دکھائی، جیالوں اورمتوالوں کی ملاقات چوریوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش تھی۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب ہم ونٹر اسپورٹس کے حوالے سے ایک فریم ورک لے کرآرہے ہیں، کل ہم پانچ کی ایک سیریز چلی ہے، جس طرح چیخیں اٹھی ہیں اس سے دورہ چین کی کامیابی کا پتاچلتا ہے، یہ اپنی چوریوں پر پردہ ڈالنے کی ملاقات ہے اور یہ اب علاقائی جماعتیں بن چکی ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا اس دفعہ ہم کوشش کریں گے کہ آپ کو لوگ بھی دیں، یوں لگتا ہے کہ جب سے اکاؤنٹس کے معاملے سامنے آئے ہیں، محبتیں بڑھ رہی ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف نے زرداری کا طریقہ کار استعمال کیا۔
انہوں نے کہا چین کے صدر اور وزیر اعظم نے پاکستان کی معاشی صورتحال کی تعریف کی ہے، الحمد اللہ وزیر اعظم کا دورہ چین کامیاب رہا ہے، اس کے نتائج ظاہر ہوں گے کہ کوئی بھی سازش عمران خان کے خلاف کامیاب نہیں ہوگی۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا دورہ چین میں 21 شعبوں پر بات ہوئی ہے، ایک ملین چاول اورسیمنٹ برآمدات بڑھانے پربات چیت کی گئی ہے، اس اقدام سے پاکستان کی چین کو برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا فروغ ملے گا اور کورونا کے خاتمے کے بعد صدر شی جن پنگ بھی پاکستان آئیں گے۔