لاہور:سابق صدرآصف علی زرداری نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سے تحریک عدم اعتماد کے لیے حمایت مانگ لی۔یہ ملاقات اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی جبکہ آصف زرداری اور چوہدری برادران میں تقریباً آدھا گھنٹے تک علیحدگی میں بھی ملاقات ہوئی۔ سابق صدر چوہدری برادران کو حکومتی اتحاد سے علیحدگی کیلیے قائل کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری نے چوہدری برادران سے ان کی ریائش گاہ پر ملاقات کی جہاں وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، ایم این اے سالک حسین، شافع حسین اور رخسانہ بنگش بھی شریک تھے۔ اس دوران ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اوران کی جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ آصف زرداری کا استقبال پرویزالٰہی، مونس الٰہی، طارق بشیر چیمہ اور سالک حسین نے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔