اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کیلیے ارکان پورے نہیں کرسکتی، اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل اور حکومت کے ساتھ ہے، آئندہ پچاس دن سیاست کیلیے اہم ہیں،عمران خان سرخرو ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 فروری کو ایران کے وزیر داخلہ پاکستان آ رہے ہیں،23 سال بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان آ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان روس کا اہم دورہ کرنے جا رہے ہیں، وزیراعظم نے رینجرزاورایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا، آزاد کشمیراور بلوچستان میں وراثتی سرٹیفکیٹ دیے جا رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئندہ 50 روز سیاست کیلیے اہم ہیں، 50 روز کے بعد عمران خان سرخرو ہوں گے، اپوزیشن 23 مارچ کو بھی آتی دکھائی نہیں دیتی، اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، فضل الرحمن کی سیاست مختلف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی مختلف ہے، اب یہ ہمارے اتحادیوں کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں، اپوزیشن اپنی چارپائی کے نیچے جھاڑو دے، اپنے بندے پورے کرے، اپوزیشن عدم اعتماد کیلیے بندے نہیں لاسکتی۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت چوری کی گئی اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے میں ناکام رہی ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف ، نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہیں،اس وقت سب سے زیادہ مضبوط کیسز شہباز شریف اور حمزہ شہبازکے خلاف ہیں ، شہباز شریف اسی لیے سب سے زیادہ متحرک ہیں ، ان کیسز میں بڑی جان ہے مگر ہم نتائج نہیں لا سکے ، نیب کے کیسز نے عدالتوں میں بہت زیادہ وقت لیا ، میگا کرپشن کے 70 کیسز ہیں جن کا فیصلہ ہونا چاہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ہماری حکومت کے ڈیڑھ سال میں ان کیسز کا فیصلہ ہو ۔
عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے 20 ارکان ان سے ملے ہوئے ہیں جبکہ پارلیمنٹ میں حکومتی بل کے وقت سب نے دیکھا کہ ان کے ارکان نے ہمیں ووٹ دیے ، یہ لوگ عدم اعتماد کی تحریک لانے کے قابل ہوتے تو ساڑھے تین سال قبل ہی لے آتے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے طالبان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ ان کی سر زمین پاکستان کے خلاف نہیں استعمال ہوگی ، اکا دکا واقعات ہوئے ہیں جن پر بات ہوئی ہے ۔ سعودی وزیر داخلہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے ، مطلوبہ ملزمان کی حوالگی ، حج و عمرہ سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی ہے ۔
فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے بھائی کو بھی نااہل قرار دیا گیا ، فیصلے کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا اورانہیں ریلیف ملا ، فیصل واوڈ اصاحب بھی سپریم کورٹ جائیں گے، ان کا حق ہے ۔