اسلام آباد:ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس سے اموات کی تعداد میں پھراضافہ ہو گیا،گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار ہزار 253 نئے کورونا کیسز سامنے آئے جن کے بعد پاکستان میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 14 لاکھ 70 ہزار161 ہو گئی ہے ۔ پاکستان میں اب تک 29 ہزار601 افراد مہلک وائرس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں اس وقت ایک ہزار731 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر دو کروڑ 55 لاکھ 27 ہزار 42 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 51 ہزار 749 ٹیسٹ کیے گئے ۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں اب تک پانچ لاکھ 54 ہزار 12 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں ، پنجاب میں چار لاکھ 91 ہزار 518 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 32 ہزار 161 ، خیبرپختونخوا میں دو لاکھ پانچ ہزار505، بلوچستان میں 34 ہزار 910 ، آزاد کشمیر میں 41 ہزار 68 جبکہ گلگت بلتستان میں 10 ہزار 987 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ۔