لاہور: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپوزیشن رہنماؤں کی حکومتی اتحادیوں سے ملاقاتوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن صرف ڈگڈگی بجا رہی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک کی ترقی پسند نہیں آرہی ، ان کے ماتھے پر پسینہ آگیا ہے، ہمارے اتحادی چٹان کی طرح ہمارے ساتھ ہیں ، کابینہ کا حصہ ہیں اور مشاورتی عمل میں پوری طرح شامل ہیں ، ہم سب ریاست کا حصہ ہیں جہاں قانون کے مطابق فیصلے ہو رہے ہیں ۔
فیصل واوڈا کی نا اہلی سے متعلق حسان خاورکا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کے پاس الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا حق ہے ۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ 31 مارچ کے بعد پنجاب کے تمام شہری صحت کارڈ کیلیے اہل ہوں گے ، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھلی رہیں گی اورپہلے کی طرح علاج معالجے کا عمل جاری رہے گا ، سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔