کراچی:مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کاکہنا ہے کہ عمران خان عوام میں اعتماد کھو چکے اب قومی اسمبلی میں کھو دیں گے ،لانگ مارچ سے پہلے تحریک عدم اعتماد آ جائے گی، پنجاب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرکوئی الیکشن نہیں لڑنا چاہتا۔
مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام اب عمران کو نہیں چاہ رہی، عوام نہیں چاہ رہی کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو،ایم کیو ایم، جی ڈی اے، ق لیگ والے مہنگائی میں عوام کے پاس جا سکتے ہیں کیا؟
انہوں نے کہاکہ حکومت کی حلیف جماعت ایم کیو ایم نے ہماری تجاویز سےانکار نہیں کیا، ہم سے 20 سے 22 لوگ بات کرنا چاہتے ہیں، فیصل آباد میں اب کوئی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑ سکے گا ۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے جھوٹی گواہی دی تھی، ان کا کیس 3 سال سے چل رہا تھا، عدلیہ کو چاہیے معاملہ نمٹا دے مزید تاخیر نہ کرے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا میں 140 واں کرپٹ ترین ملک بن چکا ہے، پنجاب میں ڈیڑھ کروڑ میں ایس ایچ او لگ رہے ہیں، خاتون اوّل کے خاوند خوب کرپشن کررہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ عثمان بزدارنے اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے 16 من پسند لوگوں کو سیمنٹ کے لائسنس دیے۔