پشاور:خاتون کے سر سے کیل نکالنے والے نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر خان کا کہنا ہے کہ خاتون نے بیٹے کی خواہش میں جعلی عامل کے کہنے پر سر میں کیل ٹھکوائی۔
خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حیدر خان نے بتایا کہ خاتون کے سر میں 2 انچ لمبی کیل تھی، خوش قسمتی سے کیل دماغ تک نہیں پہنچ پائی تھی۔
ڈاکٹرحیدرخان کاکہنا ہے کہ متاثرہ حاملہ خاتون نے بتایا تھا کہ اس کی تین بیٹیاں ہیںاور اسے یقین تھا کہ اس بار بھی بیٹی پیدا ہوگی۔واضح رہے کہ خاتون پر بیٹے کی پیدائش کیلئے اس کے شوہر کی جانب سے دباؤ تھا۔
دوسری جانب جعلی عامل کے کہنے پرخاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے تاہم پولیس کو خاتون اوراس کے شوہر کا نام پتہ چل گیا۔
پشاور پولیس کے مطابق سرپرکیل ٹھوکنے سے زخمی خاتون کا نام بازگلہ ہے، جبکہ خاتون کے خاوند کا نام اسپتال ریکارڈ میں حضرت لکھا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اوراس کے شوہرکی پشاور میں کس علاقے میں رہائش ہے، یہ معلوم نہیں ہو سکا۔
پولیس کے مطابق اسپتال انتظامیہ سے مکمل معلومات لینے کی کوشش کر رہے ہیں، خاتون کی رکشہ میں اسپتال آمد کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔