اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز اورمحمد صفدرکی ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت نیب پراسیکیوٹرنے عدالت میں موجود پراسرارخاتون وکیل کی نشاندہی کردی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی ، دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے عدالت میں کھڑی ایک خاتون وکیل کی نشاندہی کردی ، نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ یہ خاتون وکیل گزشتہ 3 سماعتوں سے عدالت پیش ہو رہی ہیں،یہ اس کیس میں فریق بھی نہیں ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ آپ کا اورفیڈریشن کا معاملہ ہے، جس کا وکالت نامہ ہو گا وہ کیس کی پیروی کرے گا، جسٹس عامر فاروق نے خاتون وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیس میں کیسے پیش ہوئی ہیں؟، خاتون وکیل کلثوم خالق نے جواب دیا کہ میں انصاف لائرز فورم کی ممبر ہوں۔
عدالت نے استفسارکیا کہ کیا آپ نیب کی طرف سے ہیں ، ہم نے وکلا تنظیم کا نہیں پوچھا ، آپ کا وکالت نامہ کس طرف سے ہے ؟۔خاتون وکیل نے جواب دیا کہ میرا وکالت نامہ نیب کی طرف سے ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اگر آپ غلط بیانی کریں گی تو مس کنڈکٹ ہو گا اورآپ کا کیس بار کونسل کو بھیجا جائے گا، کیس کی فائل سے اپنا وکالت نامہ دکھا دیں۔