سبی:سبی میں جیل روڈ پر بم دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور35 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کارکنوں نے زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سبی ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
سبی ڈسٹرکٹ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد کی لاشیں اور 28 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔
ایس ایس پی جواد کے مطابق جیل روڈ کے قریب ہونے والا دھماکا خود کش تھا،انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جائے دھماکا سے خود کش بمبار کے اعضا قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر احسان شاہ نے بتایا ہے کہ سبی میں ہونے والے دھماکے کے بعد سبی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
یہ دھماکا ایسے موقع پر ہوا جب بلوچستان میں سالانہ منعقد ہونے والے سبی میلہ میں صدر پاکستان عارف علوی بھی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کی۔