بند دفاتر کھولے اور لاپتہ افراد کو بازیاب کروایا جائے۔

ایم کیو ایم نے وزیراعظم کے سامنے دو بڑے مطالبات رکھ دیے

کراچی:وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا جس میں اتحادی جماعت نے وزیراعظم کے سامنے دو بڑے مطالبات رکھ دیے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے بند دفاتر کھولنے اور لاپتہ افراد کو بازیاب کروانے کے دو مطالبات رکھے گئے جبکہ وزیراعظم سے ایم کیو ایم رہنماؤں کی کراچی پیکیج پر بھی بات ہوئی۔

عمران خان کا بطور وزیراعظم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کا یہ پہلا دورہ تھا۔ وفاقی وزراء علی زیدی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ارکانِ سندھ اسمبلی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے 4 دفاتر مانگے تھے جس میں سے 3 دفاتر نہیں دیے گئے لیکن حیدر آباد زون کا دفتر دے دیا گیا ہے۔ خورشید بیگم، گلشن ٹاؤن آفس اور لیاقت آباد آفس دینے سے تاحال انکار کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی سے کہا کہ اسد عمرایم کیو ایم اور کراچی کے مسائل پر بات کرتے رہتے ہیں، ہم نے سندھ حکومت سے زیادہ کراچی کو اون کیا اور ایم کیوایم کے مسائل بھی ہمیشہ حل کرنے کی کوشش کی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کئی مسائل بدستور حل طلب ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کو گرین لائن پروجیکٹ بھی ہم نے دیا اور ہم نے مردم شماری پر بھی تحفظات دور کیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا اور اپوزیشن جماعتیں ناکام ہوں گی۔