اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ڈنڈا بردار ٹائیگر فورس بنانا افسوس ناک ہے ، جے یو آئی بھی اپنے ڈنڈے تیل سے نکالے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے آرٹیکل 63اےکی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن ، جے یو آئی اور سپریم کورٹ بار نے صدارتی ریفرنس کے تحریری جوابات جمع کرادیے۔
عدالت نے صوبائی حکومتوں کو بھی صدارتی ریفرنس پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی تحریری جوابات جمع کروائیں، اس سے سماعت میں آسانی ہوگی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت چاہیے گی کہہ سیاسی جماعتیں آئین کے دفاع میں کھڑی ہوں گی، معلوم نہیں عدم اعتماد پر ووٹنگ کب ہوگی، تمام جماعتیں جہموری اقدارکی پاسداری کریں۔
جے یوآئی کے وکیل نے کہا کہ ہمارا جلسہ اور دھرنا پرامن ہوگا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سے حکومت والے ڈرتے ہیں۔ اس آبزرویشن پرعدالت میں قہقہ لگا۔ اٹارنی جنرل بولے کہ جے یوآئی پرامن رہے تو مسئلہ ہی ختم ہو جائے گا۔
جسٹس مظہر عالم نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ڈنڈا بردار ٹائیگر فورس بنانا افسوس ناک ہے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ جے یو آئی بھی اپنے ڈنڈے تیل سے نکالے۔