اسلام آباد:وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ30 سے 31 مارچ تک عدم اعتماد کا فیصلہ ہوجائے گا، جب کہ 72 گھنٹے میں سب واضح ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی تک اطلاع نہیں کہ تحریک عدم اعتماد آج پیش ہو رہی ہے،31 مارچ تک آر یا پار ہو جائے گا اور عدم اعتماد کا فیصلہ آجائے گا، 72 گھنٹوں کا ٹائم دیتا ہوں کہ اہم ہیں، اس دوران جہاں فیصلے ہونے ہیں ہو جائیں گے، سیاسی تجزیہ ہے ایک گھنٹہ پہلے بھی صورتحال بدل سکتی ہے، ابھی جلسہ جلسہ ہے کھیل کل سے شروع ہوگا، میں نے کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا، واضح کردوں کہ عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے، میں نے اپنی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا لیکن عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور جو ان کے ساتھ کھڑا وہ بکاؤ مال ہے، عمران خان کی سیاست ختم نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بھٹو خاندان کی سیاست نہیں، اب زرداری کی سیاست چل رہی ہے، آصف زرداری شاطر اور پلانر سیاستدان ہیں، خرید و فروخت میں لگے ہیں، سیاست میں ہارس ٹریڈنگ کاسلسلہ جاری ہے، یہ گینگ آف تھری ہے جو ایک دوسرے کے ساتھ نہیں تھے، آصف زرداری نوابشاہ میں کونسلر نہیں بن سکے، جو خرید و فروخت کرتے ہیں علاقے کے لوگوں کو ان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، گورنر راج کی تجویز دی آج بھی کہہ رہا ہوں گورنر راج لگادو۔