اسلام آباد:وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، انہیں جو دھمکی آمیز خط بھیجا گیا ہے اس کے مرکزی کردار نواز شریف ہیں، کسی کو شک ہے تو وزیراعظم یہ خط چیف جسٹس کو دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیراسد عمر نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے جو خط قوم کے سامنے لہرایا وہ اسے چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں کہ کیوں کہ چیف جسٹس ایک اہم ترین منصب ہے، مراسلے کی تاریخ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل کی ہے، یہ اہم اس لیے ہے کہ اس مراسلے میں براہ راست عدم اعتماد کی تحریک کا ذکر ہے، میں اس خط کو دیکھ چکا ہوں یہ حقیقت میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مراسلے میں دو ٹوک الفاظ میں لکھا ہوا ہے کہ اگرعدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی تو اس کے خوف ناک نتائج برآمدہوں گے، کچھ قانونی بندشیں ہوتی ہیں اس لیے یہ مراسلہ صرف اعلیٰ فوج قیادت کو دکھایا گیا اور وفاقی کابینہ کے بھی چند اہم وزرا کو بھی اس کا پتا ہے، مراسلے میں براہ راست پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ذکر ہے، تحریک عدم اعتماد اور بیرونی ہاتھ آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سینئر قیادت بھی غافل نہیں ہے کہ وہ کہتے رہے ہیں کہ سارے معاملات طے پاگئے ہیں کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ مراسلے میں کیا لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس خط کے مرکزی کردار نواز شریف ہیں کیوں کہ وہ باہر بیٹھے ہیں اور کون کون سی غیر ملکی ایجنسیوں کےساتھ ان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں وہ جانتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے نہ دیں ایسے لوگ باہر جاکر عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔