کراچی:ایم کیو ایم کے وزراء فروغ نسیم اور امین الحق نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیجوا دیے۔فروغ نسیم نے وزیر قانون جبکہ امین الحق نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدوں سے استعفے دیے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔ وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیے۔ استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری سے جاری ہوگا۔
ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں معاہدہ طے پا گیا،معاہدے پر خالد مقبول صدیقی، بلاول بھٹو، شہبازشریف، مولانا فضل الرحمن، اخترمینگل، خالد مگسی نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سےعلیحدگی اختیار کرے گی، جس کے بدلے میں بلدیاتی اداروں کےاختیارات میں اضافہ کیاجائےگا، سندھ میں جعلی ڈومیسائل کےاجرا کےلیے قانون سازی کی جائےگی، بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کے مطابق بنایا جائے گا، سندھ حکومت ایک ماہ میں بلدیاتی قانون میں ترامیم کا مسودہ سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔
دوسری جانب کراچی میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے معاہدے کی توثیق کردی ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بذریعہ ویڈیو لنک کی۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا آن لائن اجلاس ہوا، کراچی اور اسلام آباد سے ارکان شریک ہوئے۔
سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک معاہدہ ہونا ہے، ایک ایک نکات پر سیرحاصل بحث ہوئی ہے، معاہدے کے تمام نکات عوامی ہیں۔