اسلام آباد:صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی توڑ دی جس کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش ناکام بنانے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سرکاری ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش کوآج ڈپٹی اسپیکر نے مسترد کردیا جس پر میں پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم پریشان تھی کہ غداری ہورہی تھی، میں انہیں پیغام دے رہا ہوں کہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، ہم نے آئینی طاقت استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کی تجویز بھیج دی ہے، قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، مجھے گزشتہ روز سے لوگ پیغامات دے رہے تھے کہ لوگ آپ سے غداری کررہے ہیں اور رقومات لے رہے ہیں، جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے پیسے لیے وہ ان رقومات کو لنگر خانوں میں دے دیں۔