پی ٹی آئی کا نیا اپوزیشن لیڈر مقررکریں اوران کی مشاورت سے چیئرمین نیب کا تقررکریں،فائل فوٹو
پی ٹی آئی کا نیا اپوزیشن لیڈر مقررکریں اوران کی مشاورت سے چیئرمین نیب کا تقررکریں،فائل فوٹو

فواد چوہدری کی صحافیوں سے تلخ کلامی۔میڈیا ٹاک کا بائیکاٹ

اسلام آباد : اسد عمر اور فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی مطیع اللہ جان اور فواد چوہدری میں تلخ کلامی ہو گئی ، دونوں جانب سے سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے گفتگو شروع کی جبکہ صحافی مطیع اللہ جان کی جانب سے ان سے سوال پوچھا گیا ، صحافی نے ان سے سوال پوچھا جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ تم صحافی ہو ہی نہیں ، تم صرف ایک یو ٹیوبر ہو ، کرائے کے صحافی ہو۔

فواد چوہدری کی جانب سے سخت زبان کے استعمال پر صحافیوں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ، صحافیوں کی جانب سے فواد چودھری کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اگر وہ معذرت کر لیں تو پریس کانفرنس بحال کر دی جائے گی لیکن فواد چودھری نے معذرت نہیں کی جس پر صحافیوں نےمائیک اٹھا لئے اور احتجاج کیا۔

سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوادچوہدری کی جانب سے اپنایا گیا رویہ غیر مناسب تھا، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا ، فواد چوہدری موقف پیش کرتے اور سوال کا جواب دیا جاتا ۔

تجزیہ کار مظہر عباس کا کہناتھا کہ آپ تین سال وزیر اطلاعات رہے ہیں، آپ بتائیں کون کون کہاں سے پیسے لیتاہے ، فواد چوہدری اختلاف کر سکتے تھے اور کہتے کہ میں سوال کا جواب نہیں دینا چاہتا لیکن جس طرح کی زبان استعمال کی گئی وہ نامناسب تھی ، جس طریقے سے آپ جواب دیتے ہیں وہ مناسب نہیں تھا ، اگر فواد چوہدری معذرت کر لیتے تو کوئی حرج نہیں تھا ۔

میڈیا ٹاک میں موجود اسد عمر بچ بچاؤ کروانے کی بھر پور کوشش کرتے رہے لیکن فواد چوہدری اور سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ چلتا رہا ، معاملہ مطیع اللہ جان کے فرح خان سے متعلق سوال سے شروع ہو جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ یہ کرائے کے صحافی ہیں۔ فواد چوہدری کی جانب سے صحافی پر پیسے لینے کے الزام کے بعد وہاں موجود تمام نمائندوں نے احتجاج شروع کر دیا اور فواد چوہدری سے معافی کا مطالبہ کیا ۔

فواد چوہدری صحافیوں کے احتجاج کے باوجود بھی گفتگو کرتے رہے لیکن جب صحافیوں نے دیکھا کہ وہ رک نہیں رہے تو مائیکس کو ٹائس سے اٹھا کر نیچے رکھ دیا گیا۔