سپریم کورٹ  کے پاس مداخلت کا اختیار نہیں ، سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہیے۔فائل فوٹو
سپریم کورٹ  کے پاس مداخلت کا اختیار نہیں ، سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہیے۔فائل فوٹو

پنجاب میں نیا بحران۔ڈپٹی اسپیکر کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع

اسلام ٓٓباد:پنجاب میں نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا، پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے سے روکنے کیلیے اپنے ہی  ڈپٹی اسپیکردوست محمد مزاری کے خلاف اسمبلی سیکریٹریٹ میں عدم اعتماد کی تحریک جمع کروا دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے آج شام وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلیے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس پر ترجمان پنجاب اسمبلی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آج اجلاس نہیں ہو گا، ڈپٹی اسپیکرنے سامنے آتے ہوئے بیان دیا تھا کہ عملہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا ۔

 اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی جانب سے ڈپٹی اسپیکرکے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی ہے جس پر محمود الرشید سمیت دیگر پی ٹی آئی ممبران کے دستخط موجود ہیں، ڈپٹی اسپیکرکے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلیے قیادت سے منظوری حاصل کی گئی ۔ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد اب ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب نہیں کر سکتے۔

ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکرکے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد سردار دوست مزاری اسمبلی اجلاس بلانے کے اہل نہیں رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے تحریک انصاف سے راستے جدا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوست مزاری گزشتہ روز وزیر اعظم کی طرف سے بلایا جانے والے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔

دوسری جانب دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ جو طاقتیں یہ نہیں چاہتی کہ چیزیں ہموار طریقے سے چلیں انہیں یہ سوچنا چاہیے کہ پہلے ہی ملک میں بہت افراتفری کا عالم ہے مزید معاملہ ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے ، ان کا کہناتھا کہ ان کی یہی کوشش ہے کہ آئین اور قانون کو دور رکھ کر یہ ساری چیزیں چلائی جائیں لیکن میں آئین اور قانون کے مطابق ہی چلوں گا۔ صحافی کا سوال تھا کہ اسمبلی ٹوٹے گی یا قائم رہے گی جس پر انہوں جواب دیا کہ فی الحال ایسی کوئی بات نہیں ہے ۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق غیر یقینی صورتحال درپیش تھی کہ آج اجلاس ہو گا یا نہیں۔ سردار دوست مزاری کا اصرار تھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 6 اپریل کو ہی ہو گا جبکہ سیکریٹری ترجمان اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل کو ہو گا۔