این اے 95 کے ووٹر نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر رکھی ہے۔فائل فوٹو
این اے 95 کے ووٹر نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر رکھی ہے۔فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب کاا نتخاب۔ڈپٹی اسپیکر کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق درخواست پر سماعت سوموار تک ملتوی کردی جبکہ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کر دی گئی ۔

لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہبا زکی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کو سوموار کے روز رکھ رہے ہیں ، اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مائی لارڈچیف جسٹس آف پاکستان نے اتوارکے روزکیس سنا،برائے مہربانی اس کیس کوہفتے کوسن لیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آبادمیں صورتحال مختلف تھی اوروہ ازخودنوٹس تھا،سماعت قانون کے مطابق آگے بڑھے گی،کسی کیلئے الگ قانون نہیں ۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آپ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کوحکم جاری کردیں،چیف جسٹس نے کہا کہ وہاں بڑی بڑی دیواریں ہیں،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کایہ کام نہیں، ہم نے قانون کے مطابق کیس کی کارروائی آگے بڑھانی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کیس کی سماعت سوموار تک ملتوی کرتے ہوئے اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں اور تمام فریقین کو 11 اپریل تک جواب جمع کروانے کا حکم دیاہے ، چیف جسٹس نے 11 اپریل کو سیکریٹری پنجاب اسمبلی کو بھی طلب کر لیا اور انہیں ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیاہے ۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کر دی ہے اور کہا کہ پہلے مکمل ریکارڈ آجائے پھر دیکھتے ہیں ۔