اسلام ٓٓباد:وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاسی تبدیلی سے متعلق دھمکی آمیز خط پر تحقیقاتی کمیشن بنا رہے ہیں، کمیشن 90روز کے اندر تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لیفٹنٹ جنرل(ر)طارق خان کی سربراہی میں بیرونی دھمکی آمیزخط پرتحقیقاتی کمیشن بنا رہے ہیں،تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کیخلا ف عالمی سازش ہے ،کل قومی اسمبلی اجلاس میں تمام حقائق ارکان کے سامنے رکھیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ کی بالادستی خطرے میں پڑ گئی ہے ۔وفاقی حکومت پوری طرح الیکشن کرانے کیلیے الیکشن کمیشن سے تعاون کیلیے تیار ہے اورہم تو 2سال سے الیکشن کمیشن کو کہہ رہے تھے کہ الیکشن کی تیاری کرے خصوصا الیکٹرونک ووٹنگ مشینزاوراوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملے پر تیاری کا کہا تھا ۔اب الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کو آپ چھوڑ ہی دیں ہم تو مقامی لوگوں کی ووٹنگ نہیں کر سکتے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہ کوئی بھی ملک 7مہینے بنا کسی حکومت کے کیسے چل سکتا ہے ؟کیا کیئر ٹیکر حکومت 7سے 8مہینے ان معاشی حالات کو قابو کر سکتی ہے ؟ ہمیں فورا ایک مستحکم حکومت کی طرف جانا چاہیے اگر پاکستان میں مستحکم حکومت نہیں ہو گی تو وہ نہ سیاسی فیصلے کر سکے گی نہ معاشی فیصلے کر سکے گی اور نہ ہی خارجی فیصلے کر سکے گی۔