اسلام آباد:پینل آف چیئر ایاز صادق نے وزیراعظم کیلیے نامزدگی پیش کرتے ہوئے شہبازشریف کی بجائے نوازشریف کا نام لے گئے ۔نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلیے ووٹنگ کا عمل ہوگیا، محمد شہباز شریف174ووٹ لے کر23ویں وزیر اعظم پاکستان منتخب ہو گئے۔
تحریک انصاف نے انتخابی کا بائیکاٹ کیا تھا۔شہباز شریف وزیراعظم کے لیے واحد امیدوار رہ گئے جوبا آسانی وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوگئے۔
ایاز صادق کو فوری اپنی غلطی کا احساس ہوا اورانہوں نے مسکراتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ شہبازشریف آپ سے معذرت کرتاہوں ، نوازشریف دل اور دماغ میں بسے ہوئے ہیں ۔ اس دوران( ن) لیگ کے اراکین اسمبلی کی جانب سے نوازشریف زندہ باد کے نعرے لگا دیے گئے ۔
قبل ازیں نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت جاری تھا کہ انہوں نے شاہ محمود قریشی کو اظہار خیال کی دعوت دی، شاہ محمود قریشی نے تقریر کی اور ان کی گفتگو کے اختتام پر پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے اور’’ آزادی آزادی‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ہال سے باہر چلے گئے، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی جیسے ہی اٹھ کر جانے لگے تو قائم مقام سپیکر نے بھی اجلاس کی صدارت چھوڑتے ہوئے کہا کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ میں اس سارے عمل کا حصہ بنوں۔
قائم مقام سپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئر ایاز صادق کے حوالے کی اور تحریک انصاف کی جانب سے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا گیا۔
دریں اثنا نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج رات نو بجے ہوگی جس کے لیے ایوان صدر میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،صدرمملکت عارف علوی حلف لیں گے۔