کولمبو:سری لنکا نے ہارڈ ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
سری لنکن مرکزی بینک کے گورنر نے منگل کو کہا کہ اسے ایندھن جیسی ضروری اشیا کی درآمد کے لیے اپنے محدود غیر ملکی ذخائر کی ضرورت ہے اس لیے وہ قرضوں کی ادائیگی نہیں کر سکتا۔
گورنر پی نندلال ویراسنگھے نے میڈیا کو بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ قرض کی ادائیگی کرنا مشکل اور ناممکن ہے اس لیے بہترین اقدام جو اس وقت لیا جا سکتا ہے وہ قرضوں کی تشکیل نو اور ہارڈ ڈیفالٹ سے بچنا ہے”۔
مرکزی بینک کے گورنر نے کہا کہ سری لنکا اپنے قرضوں کی ادائیگی میں کبھی نادہندہ نہیں رہا اس لیے یہ اقدام نیک نیتی پر مبنی ہے۔
سری لنکا اگلے ہفتے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ قرض کے پروگرام پر بات چیت شروع کرنے والا ہے۔سری لنکا خوراک اور ادویات کی قلت کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا بھی شکار ہے۔