لاہور:مریم نوازکا عمرے پرجانا ڈرائونا خواب بن گیا،مریم نواز کی عمرہ ادائیگی کیلیے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پرلاہورہائیکورٹ کے تیسرے بینچ نے بھی سماعت سے معذرت کرلی ۔
مریم نوازکی درخواست کی فائل آج ہی لاہور ہائیکورٹ کے تیسرے بینچ کو بھیجی گئی تھی بینچ میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس اسجد جاوید شامل تھے جہاں جسٹس اسجد جاوید نے بھی سماعت سے معذرت کرلی جس کے نتیجے میں اس درخواست پر تیسرا بنچ بھی تحلیل ہوگیا اورفائل دوبارہ چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی۔
نیب پراسکیوٹر فیصل بخاری نے مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس اور نیب حملہ کیس بھی زیر التوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں ملوث مریم نواز کے علاوہ تمام ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں، مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر ہے، لہذا ان کی درخواست مسترد کی جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس فاروق حیدرپرمشتمل بینچ کو مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی سے متعلق درخواست کی فائل بھیجی گئی تھی جہاں جسٹس فاروق حیدرنے سماعت سے معذرت کرلی تھی ۔
واضح رہے کہ لاہورہائیکورٹ نے مریم نوازکی درخواست کی سماعت کیلیے فائل سب سے پہلے جسٹس انوارالحق پنوں اورجسٹس شہبازعلی رضوی پر مشتمل بینچ کودی گئی تھی ۔
بینچ نے ریمارکس دیے تھے کہ مریم نوازکے کیس کی سماعت جسٹس علی باقرنجفی پرمشتمل بینچ نے کی تھی لہذا بہترہے وہی بینچ مریم کی اس درخوست کی بھی سماعت کرے ۔