عمرسرفرازچیمہ کی درخواست پراعتراض عائد کیا ہے۔فائل فوٹو
عمرسرفرازچیمہ کی درخواست پراعتراض عائد کیا ہے۔فائل فوٹو

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو برطرف کر دیا گیا

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا۔ کابینہ ڈویژن نے عمرسرفراز چیمہ کوہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہےکہ نئے گورنرکی تعیناتی تک اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ قائم مقام گورنرکے فرائض انجام دیں گے۔عمرسرفرازچیمہ کو بطورگورنر پنجاب دی جانے والی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس کے باہر بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد اگر عمرسرفراز چیمہ گورنرہاؤس آئے توانہیں اندر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وفاقی حکومت نے17 اپریل کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی سمری صدر مملکت کو بھیجی تھی۔ صدر مملکت نے سمری مسترد کردی تھی۔ عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی سمری کی آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد کابینہ ڈویژن نے عمر چیمہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

دوسری جانب سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ عہدے سے ہٹانے کا غیرآئینی نوٹیفیکیشن مسترد کرتا ہوں۔

پنجاب کے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے ٹوئٹر پرپیغام میں کہا کہ صدر پاکستان کی جانب سے غیر معمولی حالات کے پیش نظرسمری مسترد کرنے کے باوجود کیبینٹ ڈویژن نے غیر آئینی نوٹیفیکیشن جاری کیا جسے مسترد کرتا ہوں۔

عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے انشا اللہ جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔