سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کا ٹی ٹو ئنٹی اسکواڈ بسمہ معروف کپتان ہوںگی۔فائل فوٹو
سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کا ٹی ٹو ئنٹی اسکواڈ بسمہ معروف کپتان ہوںگی۔فائل فوٹو

بسمہ معروف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمہ معروف کو سیزن 23-2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ۔ سیزن کے دوران پاکستان کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ اورآئی سی سی ویمنزٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت 25 میچز کھیلنے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کا آغاز رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول تین ٹی ٹونٹی اورتین ون ڈے انٹرنیشنل میچزپرمشتمل سیریز سے ہوگا، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیلفاسٹ آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ میزبان آئرلینڈ اور ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرے گی،  یہ سیریز 12 سے 24 جولائی تک کھیلی جائے گی۔

سہ ملکی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں برمنگھم روانہ ہوگی، جہاں اسے 25 جولائی سے 8 اگست تک شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنی ہے ، آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کی طرح بسمہ معروف بیلفاسٹ اور برمنگھم بھی اپنی بیٹی اور والدہ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ پی سی بی اپنی پیرنٹل اسپورٹ پالیسی کے تحت یہ اخراجات برداشت کرے گا۔

اکتوبر میں آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے میں تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہوں گے،اس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہوگی۔ اس کے فوری بعد پاکستان ویمنز ٹیم آسٹریلیا پہنچے گی، جہاں وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل میزبان ملک کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی۔