سندھودیش روولیوشنری آرمی کے ترجمان سوڈھو سندھی نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی۔فائل فوٹو
سندھودیش روولیوشنری آرمی کے ترجمان سوڈھو سندھی نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی۔فائل فوٹو

کراچی میں بم دھماکا۔1 شخص جاں بحق،13زخمی

کراچی:شہر قائد کےعلاقے صدر میں گزشتہ شب 11بجے کے قریب زورداردھماکا ہوا، جس میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے صدر کے مصروف ترین مقام کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ متعدد کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ صدر دھماکے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کے جسم پربال بیرنگ کے نشانات ہیں۔

جناح اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشاہد رسول نے بتایاکہ 8 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کے جسم بال بیرنگ سے زخمی ہیں۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے اطراف میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے،علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

یہ بم دھماکہ جمعرات کی رات کو تقریباً 11 بجے کراچی کے ایک مصروف علاقے میں یونائیٹیڈ بیکری اور مرشد بازار کے قریب ہوا۔ یہاں آس پاس کھانے پینے کے ریستوران اور دودھ دہی کی دکانیں ہیں جہاں شام کے وقت آ کر لوگ بیٹھتے ہیں۔

جس جگہ دھماکہ ہوا اس وقت اُس مقام پر کوسٹ گارڈ کی گاڑی موجود تھی چنانچہ خیال کیا جا رہا ہے کہ نشانہ کوسٹ گارڈز تھے تاہم حکام نے اس حوالے سے تصدیق نہیں کی۔

سندھودیش روولیوشنری آرمی کے ترجمان سوڈھو سندھی نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے ذریعے کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق ایس آر اے سندھ کی مکمل آزادی تک مزاحمتی جنگ جاری رکھنے کا عزم دُہراتی ہے۔