اسلام ٓٓباد:وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے آرمی چیف کا فیصلہ موجودہ حکومت ہی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کے حوالے سے ابھی مشاورت نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے جون 2022 کے بعد ہی بات ہوگی۔ آئین کے تحت آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کا دائرہ اختیار ہے۔نئے انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے انعقاد کا وقت کا فیصلہ کرنا سیاستدانوں کی صوابدید اور الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
ایک انٹر ویو میں خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت رواں برس نومبر میں پوری ہو رہی ہے۔ دو ماہ پہلے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ اس لیے وہ تو اس حکومت میں ہی ہوگا۔ نئے آرمی چیف کا فیصلہ جو بھی ہوگا وہ یہی حکومت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن پر جانبداری کے الزام سے متعلق خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پرآزاد ہے اوراس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، کیونکہ چیف الیکشن کمشنر کا نام انہوں نے تجویز کیا تھا لیکن یہ اس کی بدقسمتی ہے کہ وہی ان پرالزامات لگا رہے ہیں۔