راولپندی:شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خود کش دھماکے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ شہید ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں میں حولدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود شامل ہیں جب کہ بچوں میں انعم، احسن اور احمد شامل ہیں جن کی عمریں بالتریب 4، 8 اور11 سال ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 6 افراد کی شہادت پررنج وغم اورافسوس، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں، اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے۔