اسلام آباد:وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی ، عوام کو پٹرول پمپوں پر جانے کی ضرورت نہیں ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہوگا مگر وزیر اعظم نے کہا کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا ، لہذا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھا رہے ، عوام کو پٹرول پمپوں پر لائنیں لگانے کی ضرورت نہیں ۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سابق وزیر شوکت ترین سبسڈی کے پیسے کہاں رکھ کرگئے ہیں مجھے نظر نہیں آرہے، براہ کرم مجھے بتادیں۔انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا تھا کہ ہم سبسڈی ختم کریں گے لیکن ہم سبسڈی ختم نہیں کریں گے ،آئی ایم ایف جا رہا ہوں ان سے بات چیت کریں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن18تاریخ کو قطر آرہا ہے،ان سے بات کریں گے، مہنگائی کا ادراک ہے عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھادیں، وزیر اعظم نے کہا پیٹرول کی قیمت مزید نہیں بڑھائیں گے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سابق حکومت کوکافی حدتک کوروناریلیف ملالیکن عوام تک نہ پہنچاسکے،عمران خان ہمارےلیےبارودی سرنگ بچھاکرگئےہیں، بنیادی چیزوں کی پیداوارنہیں ہوئی توامپورٹ بڑھی،اس سال 45بلین ڈالرکاتجارتی خسارہ ہوگا ،کاٹن اوردوسری زرعی اجناس بھی درآمدکرنی پڑیں گی، اس سال چینی امپورٹ نہیں کریں گے، چینی سستی دےرہےہیں،مزیدسستی دینےکاکہہ دیا، 4بلین ڈالرکاخوردنی تیل درآمدکریں گے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کی شان دیکھیں کہ اسد عمر معیشت کی باتیں کر رہے ہیں، معاشی حالات آپ خطرناک حد تک لے کر گئے۔مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں اسد عمر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم نےحکومت چھوڑی تو پاکستان گندم ،چینی برآمد کر رہا تھا۔