کوئٹہ:بلوچستان میں ایک مرتبہ پھر سیاسی ہلچل مچ گئی، وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ نمبرپورے ہیں، یہ تحریک کامیاب ہو گی۔ تمام جماعتیں مشاورت کرکے نیا قائد ایوان نامزدکریں گی۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کےعوام چاہتے ہیں عبدالقدوس بزنجوکومنصب سے ہٹایا جائے،عبدالقدوس بزنجو سے بلوچستان کےعوام اورارکان اسمبلی مایوس ہیں، تحریک عدم اعتماد پرساتھیوں نےدستخط کردیے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کا کہنا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، اگلے 5 سال بھی عبدالقدوس بزنجو ہی وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر درخواست جمع ہونے کے بعد قائم مقام گورنر اسمبلی کا اجلاس طلب کرے گا، صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری ہوگی۔
یاد رہے کہ 25 اکتوبر 2021ء کو بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اپنی پارٹی کے وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی تاہم اس تحریک سے قبل ہی وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔