اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کو ناکام بنانے کے لیے کارکنان نے بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا کر حصار قائم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے 200 سے زائد کارکنان بنی گالہ پہنچ گئے۔
کارکنان نے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا دیے گئے ، کارکنوں کو رہائش، کھانے پینے کا سامان ودیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیا، کارکنان خود بھی اپنے ساتھ بستر، پانی کے کولراورضروری سامان ساتھ لے کر آئے ہیں۔
خیال رہے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے قبل سابق وزیراعظم کو گرفتارکرنے کی حکومت کی طرف سے کسی بھی کوشش سے بچنے کے لیے انتظامات کیے گئے تھے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اورشیخ رشید کو مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی میں ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پرگرفتارکیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے عمران خان نے حال ہی میں کہا تھا کہ انہیں قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اورانہوں نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا ہے، جسے اگرقتل کیا گیا تو جاری کیا جائے گا تاکہ قوم سازش کرنے والوں کو جان سکے۔