فتنے سے نمٹنا وفاق کی ذمے داری ہے  جو انہیں پوری کرنی چاہیے۔فائل فوٹو
فتنے سے نمٹنا وفاق کی ذمے داری ہے  جو انہیں پوری کرنی چاہیے۔فائل فوٹو

عمران خان کی مذمت نہیں،مرمت کی ضرورت ہے۔عظمیٰ بخاری

لاہور:مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی تمام ارکان کی اسمبلی ہے، ہم اسمبلی جائیں گے، جو روک سکتا ہے روک کر دکھائے، اگرآپ کواتنا خوف ہے،ارکان کو اسمبلی میں جانے نہیں دینا تواجلاس بلایا کیوں تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پرویزالہی کوغلط فہمی ہے کہ اس صوبے کے چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر ہیں، اُنہیں غلط فہمی ہے کہ وہ چاہیں گے ویسا ہوجائے، ایسا نہیں ہوتا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پرویز الہٰی ہمت کریں اور ہاؤس میں تشریف لائیں،پرویزالہٰی جو کریں گے ویسا ہی جواب دیا جائے گا، گجرات اور منڈی بہاؤ الدین کے غنڈے پرویز الہٰی نے بلوائے ہیں وہ تو نہیں آئیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی ارکان کے لیے ہے اور صرف ارکان ہی جائیں گے، پرویزالہٰی کے غنڈے ظہورالہٰی روڈ ہران کا انتظارکریں۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ گرفتاریاں جب ہوتی تھیں تو سب دکھاتے بھی تھے اور دنیا دیکھتی بھی تھی، ہم نے تو کوئی گرفتاریاں کی بھی نہیں اور یہ ابھی سے رو رہےہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مریم نواز سے متعلق بیان پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کے مریم نواز سے متعلق بیان کی مذمت تو نہیں کرنا چاہتی کیونکہ انہیں مذمت سے زیادہ مرمت کی ضرورت ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران کو ذہنی بیماری اور غلط فہمی ہے، جو خواتین عمران خان کے جلسے میں آکر ان کا نام لیتی ہیں ان کے شوہروں کو کیا کرنا چاہیے؟

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں بہت خراب ٹرینڈ شروع کررہے ہیں، عمران خان خود کو اور اپنے چمچوں کو کنٹرول میں رکھیں، ورنہ آپ جیسوں کا حساب پہلے بھی کیا ہے اور کرنا آتا ہے، ہمارے ساتھ کوئی ہاتھ نہیں کرسکتا۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان آج کل پشاور گئے ہوئے ہیں میرا خیال ہے ان پر پشاور کی رحمتیں بہت نازل ہورہی ہیں۔

صحافی نے عظمیٰ بخاری سے سوال کیا کہ عمران خان پشاور میں فیض یاب ہوپائیں گے یا نہیں؟ جس پر اُنہوں نے جواب دیا کہ فیض یاب ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن پوری طرح فیض یاب نہیں ہوپائیں گے۔