مسلم لیگ نون نے پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد دوبارہ جمع کرادی

لاہور:مسلم لیگ نون کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد دوبارہ جمع کرادی۔

رانا مشہود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ  سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان میں استحکام نہ آئے، صوبے میں دو ماہ سے مکروہ کھیل کھیلا جا رہا ہے ، ملک کو کیوں نہیں چلنے دیا جا رہا ، کس کے ایجنڈے پر کام کیا جا رہا ہے ؟، یہ چاہتے ہیں کہ صوبہ معاشی طورپر دیوالیہ ہو جائے ۔

ان کا کہناتھا کہ پارلیمانی روایت رہی ہے کہ پہلے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے ،  اب اگر نہیں ہوا تو یہ بد دیانتی ہے ، پروزی الٰہی آئینی طور پر عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں ،  آج اسمبلی کے دروازے بند رکھے گئے ۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی کے خلاف آج ہی دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما  اور رکن پنجاب اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پرویزالٰہی کے خلاف آج ہی دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں گے ۔

  خیال رہے کہ آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکراسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد ایجنڈے پر ہونے کے باوجود پیش نہ کی جاسکی جس کی وجہ سے غیرفعال ہوگئی ۔

 تفصیلات کے مطابق چیئرمین پینل نے  پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کا متعلقہ رکن سمیع اللہ خان ایوان میں موجود نہ تھا جو چوہدری پرویزالٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرسکے۔