حکومت نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اوراتحادیوں کے درمیان قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطے کرکے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا۔
پی ٹی آئی کے مارچ کو سری نگر ہائی وے تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تحریک انصاف سری نگر ہائی وے پر پرامن مارچ کرے گی تو رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، اس سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔
حکومت اور اتحادیوں کے آج کے اجلاس میں پی ٹی آئی مارچ پر مزید مشاورت بھی ہوگی، جس میں نواز شریف وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آصف زرداری، فضل الرحمٰن اور اتحادی جماعتوں کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، انہیں ملک میں انارکی پھیلانے اور انتشار کی اجازت نہیں دیں گے۔