کوئٹہ:بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں اب تک 1 ہزار 584 وارڈز میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،7 اضلاع انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر مرکزی کنٹرول روم اوراسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کوئٹہ سے پولنگ کی نگرانی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح سے جاری ہے۔کوئٹہ اورلسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں آج بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
32 اضلاع میں 5 ہزار 226 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے 2 ہزار 54 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس، ایک ہزار 974 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ الیکشن میں 16 ہزار 195 امیدوار مدمقابل ہیں ۔ پولنگ سٹیشنز پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات ہیں۔
سبی، ڈیرہ بگٹی، پشین ، بارکھان ، چاغی ، قلات اور ژوب سمیت سوراب میں بھی پولنگ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر سوراب کے مطابق علاقے میں ووٹرز کی کل تعداد 57 ہزار 339 ہے، ضلع بھرمیں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں۔ دوسری جانب بولان کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھاگ میں جعلی ووٹ کے اندراج پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کے احتجاج پر پولنگ روک دی گئی تاہم کچھ دیر بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بے خوف و خطر گھروں سے نکلیں اورووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پرقانونی کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام الیکشن دوران کسی قسم کی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔