اسلام آباد:چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے اعزازمیں الوداعی تقریب بھی ہوئی۔ڈپٹی چیئرمین نیب فی الحال قائم مقام چیئرمین نیب ہوں گے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مدت ملازمت ختم ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے چارج چھوڑ دیا ہے،چارج چھوڑنے سے قبل چئیرمین نیب نے الوداعی ملاقاتیں بھی کی ہیں، نئے چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے مابین مشاورت جاری ہے، جلد وزیراعظم اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے حتمی مشاورت کے بعد چیئرمین نیب کا نام فائنل کر دیں گے،چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے 8 اکتوبر 2018 کو منصب سنبھالا تھا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ر مقبول باقر کے نام پر حکومتی اتحادی جماعتوں میں آپس میں اتفاق کیا گیا ہے،مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے مابین نئے چیئرمین نیب کے نام پر مشاورت ہوئی،مشاورت میں جسٹس ر مقبول باقر کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے ،سابق صدر آصف زرداری اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی اس نام پر اتفاق کیا ہے،
خیال رہے کہ 26 مئی 2022 کو قومی اسمبلی میں قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس 1999 میں ترمیم کا بل کثرت رائےسے منظور کیا گیا تھا۔بل کے مطابق چیئرمین نیب کی 3 سالہ مدت کے بعد اسی شخص کو دوبارہ چیئرمین نیب نہیں لگایا جائے گا۔
نئے چیئرمین کی تقرری کیلیے مشاورت چیئرمین کی مدت ختم ہونے سے 2 ماہ پہلے شروع کی جائے گی اور یہ عمل 40 روز میں مکمل کرنا ہوگا۔بل کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہ ہونے پر تقررکا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو جائےگا۔ پارلیمانی کمیٹی چیئرمین نیب کا نام 30 روز میں فائنل کرے گی۔