گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 3 اعشاریہ 35 فیصد کا اضافہ ہوا۔فائل فوٹو
گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 3 اعشاریہ 35 فیصد کا اضافہ ہوا۔فائل فوٹو

باسمتی چاول 45 روپے فی کلومہنگے،دالوں کے نرخ بھی بڑھ گئے

لاہور:پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے ، باسمتی چاول 45 روپے فی کلو مہنگے ہو گئے جبکہ سفید چنوں اورپانچ دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہورکی جانب سے ماہ جون کیلیے نئی ریٹ لسٹ جاری کی گئی جس کے مطابق باسمتی چاول کی قیمت میں 45 روپے اضافہ کیا گیا جس کے بعد  باستمی چاول کی قیمت 155 روپے سے بڑھ کر دو سو روپے ہو گئی ہے ۔

دال ماش دھلی کی قیمت میں 20روپے فی کلو اضافہ جبکہ دال ماش چھلکوں والی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد دال ماش دھلی کی  قیمت 275 روپے فی کلواوردال ماش چھلکوں کی فی کلو قیمت  255 روپے ہو گی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق 15 روپے فی کلو اضافے کے بعد دال مسور کی قیمت  240 روپے سے  255 روپے ہو گئی ہے ۔ دال چنا اسپیشل کی قیمت میں  5روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد دال چنا اسپیشل کی قیمت 180 روپے ہو گئی ۔

دوسری جانب دودھ دہی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ، دودھ کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا جس کے بعد دودھ  120 روپے فی لیٹر جبکہ دس روپے اضافے کے بعد دہی 140 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے